سعودی عرب کے بمبار طیاروں نے شمالی یمن کے صوبہ صعدہ کے مختلف علاقوں پر دسیوں بار بمباری کی
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شمالی یمن کے صوبہ صعدہ کے مختلف علاقوں پر جارح سعودی عرب کے فضائی حملوں میں صوبہ صعدہ کے رہائشی علاقوں اور بنیادی تنصیبات کو بھاری نقصان پہنچا ہے تاہم بمباری میں ہونے والے جانی نقصانات کے بارے میں ابھی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ سعودی عرب کے توپخانوں اور میزائلی یونٹ نے بھی صوبہ صعدہ کے ضلع “شدا” کے دیہاتوں پرگولہ باری کی اور میزائل برسائے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے کچھ روز پہلے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب پر ڈرون اور میزائلی حملے مشروط طور پر بند کئے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ سعودی اتحاد بھی اس اقدام کا مثبت جواب دے گا۔یمن کی وزارت صحت کے ترجمان یوسف الحاضری کا کہنا ہے کہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے جب سے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے اس وقت سے اب تک سعودی امریکی اتحاد کے حملوں میں چوبیس یمنی شہری شہید ہوچکے ہیں۔دوسری جانب یمن کی نیشنل سالویشن کی حکومت کے وزیردفاع نے سعودی عرب اور اس کے کرائے کے ایجنٹوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے اہم کارروائیاں کی جائیں گی۔یمن کے وزیر دفاع محمد ناصر العاطفی نے پیر کو اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یمنی فوج مختلف محاذوں پر جو زبردست کارروائیاں انجام دے رہی ہے عصر حاضر کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی کہا کہ اتحاد، ملت یمن کی کامیابی کا اصلی راز ہے۔یمنی وزیر دفاع العاطفی نے سعودی عرب کے سوڈانی ایجنٹوں اور کرائے کے فوجیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یمن سے باہر نہ نکلے تو انھیں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑے گا۔درایں اثنا علمائے یمن کی تنظیم نے نصرمن اللہ کارروائی کو سعودی اتحاد کے منھ پر زور دار طمانچے سے تعبیر کیا اور اس اتحاد کے فریب خوردہ ایجنٹوں کو نصیحت کی کہ جلد سے جلد اپنے ملکوں کو واپس چلے جائیں۔علمائے یمن کی تنظیم نے ایک بیان میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اور ان کے حامیوں کو نصیحت کی کہ وہ تحریک انصاراللہ کی حالیہ پیشکش کو قبول کرلیں۔علماء یمن نے جارحین کے موقف پر تنقید کرتے ہوئے تاکید کی کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کا غرور اور خودپسندی انھیں ہلاک اور بھاری شکست سے دوچار کردے گی۔علمائے یمن نے اعلان کیا کہ اگر یمن پر جارحیت اور اس کا محاصرہ جاری رہا تو وہ انقلابی رہنماؤں اور فوج سے اپیل کریں گے کہ اپنے پاس موجود تمام قانونی اسباب و وسائل اور ساز و سامان سے دشمن کے حملوں کا جواب دیں ۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے گذشتہ سنیچر کو جارح سعودی اتحاد کے خلاف تحریک انصاراللہ کی نصر من اللہ نامی عظیم کارروائی کی خبر دی تھی ۔ان کارروائیوں میں جسے سعودی اتحاد کے خلاف انصاراللہ کی سب سے بڑی کارروائی کہا گیا ہے سعودی اتحاد کے تین ہزار کرائے کے فوجیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ درایں اثنا تحریک انصار اللہ نے پیر کو یکطرقہ طور پر دوسو نوے جنگی قیدیوں کو رہا کردیا ہے ۔تحریک انصاراللہ نے یہ قدم قیدیوں کے تبادلے کے سمجھوتے کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔