پاکستان میں سیلاب کی تباہکاریاں
متاثرہ علاقے
سیلاب اور بارشوں کے باعث ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 45 افراد جاں بحق ہوجانے کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1003 تک پہنچ گئی ہے۔ سب سے زیادہ اموات سندھ میں 339 رکارڈ کی گئی ہیں، خیبرپختونخوا میں سیلاب کے بعد تمام سرکاری عمارات سیلاب متاثرین کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے بلوچستان میں 234 اور خیبرپختونخوا میں 19 افراد کا انتقال ہوا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کے پی میں 10، سندھ میں 33 جبکہ پنجاب میں 2 افراد کی اموات ہوئیں۔
8 لاکھ 2 ہزار 583 جانور مرے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب اور بارشوں سے113 افراد زخمی ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 ہزار 588 جانور مرگئے جبکہ مجموعی طور پر 8 لاکھ 2 ہزار 583 جانور مرے ہیں۔
مجموعی طور پر 149 پلوں کو نقصان
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 پلوں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 149 پلوں کو نقصان ہوا۔
6 لاکھ 82 ہزار 139 مکان بارش اور سیلاب کی زد میں آئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 11 ہزار 811 گھروں کو نقصان ہوا اور مجموعی طور پر 6 لاکھ 82 ہزار 139 مکان بارش اور سیلاب کی زد میں آئے۔
بلوچستان کے زمینی و فضائی راستے بند جبکہ لینڈ لائن اور موبائل فون سگنل بھی بیٹھ گئے، جس کے باعث سیلاب میں ڈوبے بلوچستان کی خبر ملنا مشکل ہوگئی۔
کوئٹہ تیس گھنٹوں تک بارش اور سیلاب میں گھرا رہا۔ سیلاب میں پھنسنے والے 500 سے زائد افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
مشیر داخلہ ضیا لانگو نے وفاقی حکومت سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کو سیلاب کا سامنا ہے۔ کوئٹہ میں کئی گھنٹوں بعد مواصلاتی نظام بحال ہوگیا جبکہ سنجاوی میں ڈیم اوور فلو اور پشین میں خانوزئی ڈیم ٹوٹ گیا۔
پاکستان میں سیلاب کی موجودہ آفت 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب سے زیادہ خطرناک بتائی جاتی ہے۔
سندھ کے وزیر شرجیل انعام میمن کہتے ہیں مشکل گھڑی میں تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کا ساتھ دیا جائے اور متاثرین کی مدد کی جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔