فلسطین کی تحریک حماس نے چار صیہونی قیدیوں کی تصویریں شائع کر کے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت اس وقت فلسطینی استقامت کے مقابلے میں خود کو ہمیشہ سے زیادہ کمزور محسوس کررہی ہے۔
المیادین ٹی وی نے سنیچر کو ایک ویڈیو جاری کیا جس میں چار اسرائیلی قیدیوں کو تحریک حماس کے عزالدین قسام بریگیڈ کی قید میں دکھایا گیا ہے ۔ اس ویڈیو کا عنوان ہے ” تمھارے قیدی بدستور غزہ میں ہیں” ۔
اس ویڈیو میں عزالدین قسام بریگیڈ کہہ رہا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو کو فلسطینی استقامت کے جیلوں میں اپنے قیدیوں کے انجام کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور وہ قیدیوں کے تبادلے کا سمجھوتہ کرنے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں ۔
درایں اثنا تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ یہ ویڈیو اس بات پر تاکید ہے کہ صیہونی فوجی ، بہادر فلسطینی قیدیوں کے ساتھ ایک حقیقی تبادلے کے بغیر آزاد نہیں ہوں گے۔تحریک حماس کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسرائیلی قیدیوں کے رشتیداروں کو غاصب صیہونی حکومت پر دباؤ ڈال کر اپنے جوانوں کی آزادی کی دستاویز حاصل کرنا چاہئے۔