انقلاب یمن کی اعلی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ اگر جارح سعودی اتحاد کی جانب سے فائربندی سے متعلق ان کی پیشکش کو ٹھکرا دیا گیا تو یمن کی دفاعی کارروائیاں جاری رہیں گی
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انقلاب یمن کی اعلی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ انصاراللہ نے اب تک متعدد تجاویز منجملہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط کی جانب سے جنگ بندی کی پیشکش بھی جارح سعودی اتحاد کو پیش کی ہیں کہا کہ امن کے سیاسی عمل کو شروع کرنے میں تاخیر سے خود جارح قوتوں کو نقصان ہوگا ۔ یمن کی نیشنل سالویشن کی حکومت کے سربراہ مہدی المشاط نے بیس ستمبر کو مشروط جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے جارح سعودی اتحاد کو جنگ بندی کی پیکش کی تھی تاہم جارح سعودی اتحاد نے یمنیوں کی امن پیشکش کو کوئی اہمیت نہیں دی اور وہ یمن کے مختلف علاقوں پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ مارچ دوہزار پندرہ سے جاری جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں اب تک سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر اور دربدر ہوچکے ہیں۔