یورپ

فرانس میں یلو ویسٹ کا احتجاج، دکانیں نذر آتش

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں یلو ویسٹ تنظیم کے 18 ہفتوں سے جاری احتجاج کے دوران مظاہرین نے مشہور برانڈز کی دکانوں سمیت کئی کاروباری مقامات میں لوٹ مار کے بعد آگ لگا دی۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یلو ویسٹ کی جانب سے اس ہفتے کا احتجاج دسمبر میں ہونے والے احتجاج سے بدترین تھا۔

مظاہرین نے کئی دکانوں سمیت ایک اپارٹمنٹ میں قائم بینک کو بھی نذر آتش کردیا جس کے بعد آگ کے شعلے بلند ہوگئے تاہم فائر سروس نے اپارٹمنٹ کے رہائیشیوں کو نکالا اور آگ بھی بھجا دی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس آگ سے 2 فائر فائٹر سمیت 11 افراد زخمی بھی ہوئے۔

فرانس کے وزیر داخلہ کرسٹوفر کیسٹینر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آگ لگانے والے نہ تو مظاہرین ہیں اور نہ صرف مشکلات کھڑی کرنے والے ہیں بلکہ قاتل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یلو ویسٹ کے احتجاج میں زور اس وقت آیا جب ایک روز قبل صدر ایمونوئیل میکرون اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسکی کے لیے پہاڑی علاقے پائیرنیز میں پہنچے تھے۔

پولیس نے ہفتے کو احتجاج کرنے والے افراد پر آنسو گیس اور واٹر کینن استعمال کیا جو جنگ کی یاد گار کے سامنے جمع ہونے کے لیے پیدل جارہے تھے جس کو مظاہرین نے یکم دسمبر 2018 کو مکمل طور پر اپنے قبضے میں لیا تھا۔

یاد رہے کہ فرانس میں گزشتہ برس نومبر میں یلو ویسٹ تحریک شروع ہوئی تھی اور پیٹرولیم مصنوعات کو مہنگا کرنے پر ملک بھر میں شدید احتجاج کیا گیا تھا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا ساتھ دیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button