عراق کسی بھی طور اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا: سید عمار حکیم
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراقیون الائنس کے سربراہ سید عمار حکیم نے بغداد میں عراقی قبائل اور شخصیات کے ایک وفد سے ہونے والی ملاقات میں مسئلہ فلسطین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کا حق محفوظ ہے اور اسے کوئی پامال نہیں کر سکتا۔
سید عمار حکیم نے قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عراق اسرائیل کے ساتھ تعلقات برقرار نہیں کرےگا۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین نے گزشتہ ماہ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ٹرمپ اور صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کی موجودگی میں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے۔
اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے تعلقات کی بحالی کے سمجھوتے پر دستخط کے موقع پر عرب اسرائیل دوستی منصوبے کے مخالفین کی ایک بڑی تعداد نے وائٹ ہاؤس کے سامنے اکٹھا ہو کر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اور فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی کے خلاف مظاہرے کئے۔