صوت المنامه کی آج کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے اس ملک کے مختلف علاقوں من جملہ «الدیر»، «کرزکان»، «کرانه»، «المعامیر»، «سار»، «ابوصبیع»، «الشاخوره»، «السنابس» اور «النویدرات» میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے آل خلیفہ اور آل سعود کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
گذشتہ دنوں مختلف گروہوں اور انسانی حقوق کی حامی تنظیموں نے علیحدہ علیحدہ بیان جاری کرکے بحرین میں سیاسی قیدیوں کے انسانی حقوق کی پامالی پرسخت تنقید کی تھی جس کے بعد سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے۔
آل خلیفہ کی جیلوں میں بند سیاسی قیدیوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے ہی پورے بحرین میں ان سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لئے مظاہرے ہو رہے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق اب تک اٹھائیس شہروں اور دیہاتوں میں سیاسی قیدیوں کے حق میں مظاہرے ہوچکے ہیں تاہم بحرینی حکام نے بعض اہم سیاسی قیدیوں کے گھر والوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے اور ان پر مختلف قسم کے الزمات عائد کررہے ہیں ۔
بحرین میں چودہ فروری دوہزار گیارہ سے آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔بحرینی عوام ملک میں عدل و انصاف کے قیام ، امتیازی سلوک کے خاتمے اور جمہوری حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کررہے ہیں۔
بحرینی سیکورٹی اہلکار اب تک دسیوں مظاہرین کو شہید اور زخمی کر چکے ہیں ۔