فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور جہاد اسلامی نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی برقراری کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
حماس کے ترجمان حازم القاسم نے کہا ہے کہ امریکہ میں متعین متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ کی جانب سے اسرائیل اور متحدہ عرب امارت کے درمیان مشترکہ مفادات کے حصول کی بات کرنا، صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول لانے کے لیے تل ابیب انتظامیہ کی کھلے عام چاپلوسی ہے۔
حماس کے ترجمان حازم القاسم نے یہ بات زور دے کہی کہ متحدہ عرب امارات کے سفیر کا یہ بیان کہ وائٹ ہاؤس میں سنیچری ڈیل کے اعلان کی تقریب میں وہ بھی شریک تھے، دراصل فلسطینی قوم، امت مسلمہ اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے جو سینچری ڈیل کو مسترد کر چکے ہیں۔
حماس کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوشش کرنے والوں کو یہ سلسلہ فوری طور پر ختم کر دینا چاہیے کیونکہ فلسطینی قوم اور اسلامی مقدسات کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔