پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اس ملک کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی اہم خصوصیات کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ ان کی سادہ زندگي، پاکستانی عوام کے لیے ایک اہم نمونۂ عمل ہے۔ انھوں نے اسلام آباد میں آل پاکستان انصاف لائرز فورم کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی کا قول ہے کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ناانصافی اور ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔
عمران خان نے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کو ایک عظیم اور بے مثال قائد کے طور پر یاد کیا اور کہا کہ انھوں نے کبھی بھی عیش و عشرت کی زندگي نہیں گزاری اور ان کی شخصیت کا کسی بھی دوسرے شخص یا لیڈر سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ امام خمینی نے حکومت چلانے کی روش، اسلامی اقدار پر استوار رکھی تھی۔
عمران خان نے امام خمینی (رح) کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کا انتقال ہوا تب دنیا کو پتہ چلا کا دنیا کا یہ عظیم رہنما کتنے چھوٹے سے مکان میں زندگی بسر کرتا تھا۔ پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کی کسی بھی شخصیت کا امام خمینی جیسے عظیم رہنما کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔