قدیر ریڈار سسٹم کی ملکی ریڈار نیٹ ورک میں شمولیت کی تقریب مرکزی ایران کے صوبے یزد میں منعقد ہوئی جس میں خاتم الانبیا ایئر ڈیفینس ہیڈکوارٹر کے سربراہ جنرل عبدالرحیم موسوی اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئرو اسپیس فورس کے کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زداہ بھی شریک تھے۔
لانگ ریج کے تھری ڈی قدیر ریڈار سسٹم ایران کی سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کے ماہرین نے تیار کیے ہیں۔ سن دوہزار تیرہ میں پہلی بار اس ریڈار سسٹم کی رونمائی کی گئی تھی اور اب تک ایسے آٹھ ریڈار سسٹم ملک بھر میں نصب کیے جاچکے ہیں۔
فیزڈ ایرے ریڈار سسٹم قدیر مختلف قسم کے اسٹیلتھ طیاروں کا پتہ لگانے کے علاوہ الیکٹرانک جنگ میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ ریڈار سسٹم ٹرانسمیٹروں اور ریسوروں کی بڑی رینج کے کواڈریٹرل سرکٹوں پر مشتمل ہے اور روٹریشن یا مکانیکی حرکات کے بغیر ایک ہزار کلومیٹر کی حدود میں تین سو ساٹھ ڈگری کی کوریج فراہم کرتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران انواع اقسام کے ریڈار سسٹم کی تیاری میں خود کفیل ہے اور دنیا میں ریڈار تیار کرنے والے بیس ملکوں میں شامل ہے۔