اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی سیکورٹی کونسل کے سربراہ ایڈمرل علی شمخانی نے کہا ہے کہ جو ممالک ذلت آمیز طریقے سے صہیونی حکومت کے تعلقات کو معمول پر لانے اور خطے میں امریکی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہيں ان کا انجام قذافی اور عمر البشیر سے بہتر نہیں ہوگا۔ یہ بات علی شمخانی نے شام کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔
شام کے وزیرخارجہ فیصل مقداد نے آج صبح تہران میں اپنے قیام کے دوران ايڈمرل علی شمخانی سے ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی مسائل پرگفتگو کی۔
اس موقع پر علی شمخانی نے ایران اور شام کے درمیان اعلی سطحی اسٹراٹیجک تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان تعلقات کے جاری رہنے اور ان میں فروغ لائے جانے کو ضروری قرار دیا۔
ایڈمرل علی شمخانی نے خطے میں شام کے استقامتی پالیسی اور صیہونی حکومت کے توسیع پسندانہ اقدامات کے مقابلے میں دمشق کے کردار کو بھی سراہا اور کہا دنیا صیہونی حکومت کے بغیر زيادہ پر امن ہوگی۔
اس موقع پر شام کے وزیرخارجہ فیصل مقداد نے دہشت گردی اور صیہونی حکومت کے خطرات کے مقابلے میں بھرپور حمایت کئے جانے پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شام کی حکومت اور قوم ہرگز ایرانی جوانوں اور خصوصا شہید جنرل قاسم سلیمانی کی قربانیوں کو فراموش نہيں کرے گی۔
ولید العملم کے انتقال کے بعد وزیر خارجہ مقرر ہونے والے فیصل مقداد نے اپنے پہلے بیرون ملک دورے میں ایرانی قیادت کے ساتھ دوجانبہ اور اہم علاقائی و عالمی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔