اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے کہا ہے کہ کیمیاوی ہتھیاروں سے متعلق موضوعات سے نمٹنے میں سیاست بازی سے، کیمیاوی ہتھیاروں کی روک تھام کے کنونشن کی ساکھ کو نقصان ہوگا اور مغربی ممالک کو چاہئے کہ اس سلسلے میں سیاسی اہداف اور غیر پیشہ ورانہ رویے کو ترک کر دیں۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ ایران جقیقی طور پر بڑے پیمانے پر کیمیاوی ہتھیاروں کی بھینٹ چڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیمیاوی ہتھیار مغربی ممالک نے عراق کے سابق ڈکٹیر صدام کو فراہم کئےتھے اور جب اس نے ایرانی شہریوں اور پھر اس کے بعد عراقی شہریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ان ہتھیاروں کو استعمال کیا تو بھی انھوں نے اس کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا۔
مجید تخت روانچی کا کہنا تھا کہ ایران ہر ملک سے زیادہ کیمیاوی ہتھیاروں کی غیرانسانی ماہیت اور اس کا مقابلہ کرنے میں سیاست بازی کے تباہ کن نتائج سے واقف ہے اور اسی بنا پر ایران ، کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کی ہر شکل میں مذمت کرتا ہے۔