فلسطین کو اس وقت رمضان عبد اللہ جیسے کمانڈر کی ضرورت ہے: نصر اللہ
اقوام متحدہ نے یمن میں سعودی جرائم کو نظر انداز کیا: نصر اللہ
جہاد اسلامی فلسطین کے سابق سربراہ رمضان عبداللہ کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی تمام تر سازشوں کا مقصد اسرائیل کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
حزب اللہِ لبنان کے سربراہ نے جہاد اسلامی فلسطین کے مرحوم رہنما رمضان عبداللہ کو ایک عظیم رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ استقامت پر یقین رکھتے تھے اور ان میں وہ تمام خصوصیات موجود تھیں جو کسی بھی کمانڈر کے اندر ہونا ضروری ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے غرب اردن کو ہڑپ کرنے کی امریکی اسرائیلی سازش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سازش کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطین کی استقامتی تحریک کو آج رمضان عبداللہ جیسی قیادت کی ضرورت ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے سعودی عرب کا نام بچوں کے حقوق کو پامال کرنے والوں کی عالمی فہرست سے نکالے جانے کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے اس اقدام کو انتہائی ذلت آمیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے یمن میں جنگی جرائم کو نظر انداز کرتے ہوئے سعودی اتحاد کا نام بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست سے خارج کیا ہے۔