اسلامی جمہوریہ ایران کی پولیس فورس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل حسین اشتری نے پولیس فورس کے نئے بارڈر کمانڈر کے اعزاز میں ہونے والی تقریب سے خطاب میں ایران مخالف امریکہ کی نئی پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی کمانڈروں پر پابندیاں عائد کرنا ایک سازش ہے جس کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
جنرل حسین اشتری نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی پولیس کے کمانڈروں کے خلاف پابندیاں عائد کرنا اس بات کی علامت ہے کہ ہم صحیح راستے پر گامزن ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جدید آپٹیکل اور الیکٹرانک آلات کے استعمال کے ساتھ سمارٹ بارڈر کنٹرول، سرحدی پٹی کو کنٹرول اور اس کی نگرانی کے لئے ڈرون سہولیات کا استعمال، بحری بیڑے کو مضبوط اور میرین رائفلز کے شعبوں میں بحریہ کے جوانوں کی خصوصی تربیت دینے کی سطح کو بہتر بنانا، سامان اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام جملہ اقدامات ہیں جو ایران کی سرحدوں کو مضبوط اور محفوظ بنانے کے لئے اٹھائے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ نے ایرانی عوام کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے تسلسل میں گزشتہ مہینے کے دوران ایرانی پولیس کے بعض کمانڈروں کو اس فہرست میں شامل کیا تھا۔