رہبر انقلاب اسلامی: فلسطینی استقامت کے مقابلے میں صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی شکست پر زور
Imam Syed Ali Khamenei
رہبر انقلاب اسلامی: فلسطینی استقامت کے مقابلے میں صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی شکست پر زور
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے عاشورا یونیورسٹی آف ائیرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ائیرو اسپیس یونٹ کی کاوشوں کا جائزہ لینے کے بعد اپنے خطاب میں فرمایا کہ جب امریکی صدر، جرمن چانسلر، فرانسیسی صدر اور برطانوی وزیراعظم اپنے تمام تر دعؤوں کے باوجود اس غاصب اور نسل پرست صیہونی حکومت کی حمایت اور اسی کی بھرپور مدد کرتے ہیں تو نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ یہ حکمراں، نسل پرستی کے مکمل طرفدار ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ غاصب صیہونی حکومت غزہ پر وحشیانہ ترین بمباری کرنے کے باوجود اپنے مقاصد آگے بڑھانے میں ناکام رہی ہے کیونکہ پہلے یہ جعلی حکومت کہہ رہی تھی کہ اس کا مقصد حماس کو تباہ اور تحریک استقامت کو ناکام بنانا ہے مگر چالیس روز سے زیادہ دنوں کے بعد اور صیہونی حکومت کی جانب سے اپنی پوری توانائی کا استعمال کئے جانے کے باوجود اپنا یہ مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ میں عورتوں اور بچوں کے اسپتال پر وحشیانہ بمباری کو اپنی شکست و ناکامی پر غاصب صیہونی حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ قرار دیا اور فرمایا کہ غزہ میں تمام تر جارحیت کے باوجود غاصب صیہونی حکومت کی شکست، ایک ناقابل انکار حقیقت ہے اور لوگوں کے رہائشی مکانات اور اسپتالوں میں گھس جانا کوئی کامیابی نہیں ہے۔
آپ نے غاصب صیہونی حکومت کی ناتوانی کے پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ غاصب صیہونی حکومت کی ناتوانی، امریکہ اور تمام یورپی ملکوں کی ناتوانی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسی طرح اسلامی ملکوں کی حکومتوں کی کارکردگی اور فرائض کے بارے میں فرمایا کہ بعض اسلامی حکومتوں نے عالمی اداروں میں بظاہر صیہونی جرائم کی مذمت کی اور بعض دیگر نے تو اب تک ان جرائم کی مذمت بھی نہیں کی اور یہ بات بالکل ناقابل قبول ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اصل کام تو یہ ہے یہ غاصب و ظالم صیہونی حکومت کی شہ رگ حیات ہی منقطع کر دی جائے اور اسلامی ممالک کو چاہیے کہ اس غاصب حکومت کو ایندھن اور مصنوعات فراہم کرنا بند کردیں۔