عالمی اسلامی بیداری کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین، مسلمانوں کا اساسی اور کلیدی مسئلہ ہے اور سینچری ڈیل کے منصوبے نے خائن عرب حکمرانوں کے چہرے سے منافقانہ نقاب کو اتار دیا ہے۔
عالمی اسلامی بیداری کونسل کے سیکریٹری اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے عالمی اسلامی بیداری کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب میں عالمی سامراجی طاقتوں کی طرف سے اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ دشمنی اور عداوت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں بعض علاقائی خائن حکمرانوں کے ذریعہ عالمی سامراجی طاقتیں، اسلامی ممالک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے سلسلے میں اپنے مذموم منصوبوں پر عمل در آمد کرنے کی کوششیں کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سامراجی طاقتوں کے منصوبے میں گریٹ اسرائیل کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ اس منصوبے میں شام اور عراق پر فوجی یلغار اور دہشت گرد گروہوں کی تشکیل بھی شامل ہے۔