فلسطینی تنظیموں کا میزائل یونٹوں کو آمادہ رہنے کا حکم/ نئی جنگ کا امکان
فلسطینی تنظیموں کی مشترکہ کمیٹی کے جاری کردہ بیان میں تمام فلسطینیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آج منگل کے روز قومی پرچم کے زیر سایہ بیت المقدس اور مسجد الاقصی کے دفاع کے لیے جمع ہوجائیں۔ فلسطینی مزاحتمی تحریک حماس نے بھی تمام فلسطینیوں کو صہیونیوں کی فلیگ ڈانس ریلی کے موقع پر مسجد الاقصی میں اجتماع کی دعوت دی ہے۔ مقبوضہ علاقوں کی متعدد فلسطینی تنظیموں نے بھی اپنے اپنے الگ الگ بیانات میں آج بروو منگل صہیونیوں کے خلاف تحریک انتفاضہ میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ ادھر اسرائیل جاسوس طیاروں کی غزہ پر پروازوں میں اضافہ ہوگيا ہے جبکہ فلسطینی مجاہدین نے بھی اسرائيل کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں اپنی آمادگی کو بڑھا دیا ہے۔ فلسطینیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے فلیگ ڈانس ریلی کا اہتمام کیا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔ واضح رہے کہ غاصب صہیونی حکومت نے آج منگل کے روز صہیونیوں کو فلیگ ڈانس سے موسوم اشتعال انگیز مظاہرے کی اجازت دے دی ہے جسے حماس کے انتباہ کے باعث اب تک کئی بار ملتوی کیا جاتا رہا ہے۔