فلسطین کی جانب سے یمن کی حمایت کا سلسلہ جاری، غزہ میں مظاہرہ
تسنیم نیوز کے مطابق غزہ میں رہائش پذیر فلسطینی باشندوں نے یمن کے ستمدیدہ اور مظلوم عوام کی حمایت میں مظاہرہ کرکے انکے خلاف جاری سعودی اتحاد کی جارحیت کو فوری طور پر رکوانے کا مطالبہ کیا۔یہ مظاہرہ فلسطین کی استقامتی تنظیم جہاد اسلامی کی کال پر کیا گیا تھا۔
اس موقع پر جہاد اسلامی کے سیاسی دفتر کے سینیئر رکن خالد البطش نے یمن کے مظلوم عوام کے خلاف سعودی اتحاد کے بہیمانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور اسکے اتحادی غاصب صیہونی حکومت سے جنگ کرنے کے بجائے یمن کے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی فلسطین کی استقامتی تنظیموں حماس اور جہاد اسلامی نے یمنی کے عام شہریوں پر سعودی اتحاد کی بہیمانہ بمباری اور جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان سے اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب فلسطین میں صحافیوں کی حامی ایک تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت غاصب صیہونی فوجیوں نے سترہ صحافیوں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈال رکھا ہے۔ تنظیم کے بیان میں آیا ہے کہ صیہونی حکومت کا یہ اقدام بین الاقوامی ضابطوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
قبلہ اول بیت المقدس اور ارضِ فلسطین پر قابض صیہونی حکومت فلسطین کے عام شہریوں کے علاوہ اب تک سیکڑوں نامہ نگاروں اور صحافیوں کو گرفتار، زخمی یا شہید کر چکی ہے۔