المیادین ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کے ایک فوجی ذریعہ کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر صوبہ مأرب کے نخلاء علاقے میں اپنے ہی نیم فوجی ملیشیاء کے ایک اجتماع پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد سعودی آلہ کار ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
اس فوجی ذریعہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اندرونی اختلافات کی وجہ سے جان بوجھ کر کیا گیا اور اس سے قبل بھی کئی مرتبہ اس قسم کے حملے کئے گئے تھے۔
دوسری جانب یمنی فوج اور رضاکار فورس نے ایک مہینے پہلے صوبہ مآرب کی آزادی کے لئے جو آپریشن شروع کیا تھا۔ اس آپریشن کے دوران یمنی فوج اور رضاکار فورسز کے جوانوں کو بڑی بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں اور فوج نے سعودی اتحاد کو کاری ضرب لگائی ہے۔
واضح رہے کہ جارح سعودی اتحاد نے امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت سے مارچ 2015 سے یمن پر وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب تک سعودی جارحیت میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود نہ فقط سعودی اتحاد اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہوا ہے بلکہ اسے پسپائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔