المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع کا کہنا ہے کہ یمن کی فوج اور رضاکار فورسز نے مأرب کی تداوین چھاونی پر بیلسٹک میزائل بدر ( P) سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 8 سعودی فوجی ہلاک اور 7 زخمی ہوئے۔
اس سے قبل گزشتہ روز یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے نجران میں واقع الظھرہ محاذ پر یہ کارروائیاں انجام دے کر سعودی ایجنٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا جبکہ ایک بڑی تعداد کو ہلاک اور زخمی بھی کر دیا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی اس کارروائی سے سعودی عرب کے کرائے کے فوجی نجران میں اپنےاڈوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔
خیال رہے کہ یمن کی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے حال ہی میں خبردار کیا تھا کہ جب تک سعودی عرب، یمن کے خلاف جنگ جاری رکھے گا اس وقت تک سعودی اہداف پر حملے بھی جاری رہیں گے۔
سعودی عرب امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے اور اس اسلامی ملک کا بری، بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے جس کے باعث یمن میں دواؤں اور غذائی اشیاء کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔