اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو ایرانی قوم کے لئے باعث فخر قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم اور ایرانی پارلیمنٹ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی حامی اور پشتپناہ ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے پارلیمنٹ میں خطاب میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو ایرانی قوم کے لئے باعث فخر قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم اور ایرانی پارلیمنٹ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی حامی اور پشتپناہ ہے۔ لاریجانی نے کہا کہ سبھی جانتے ہیں کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے خطے میں امریکہ کے پروردہ دہشت گردوں پر کاری ضرب وارد کی ہے اور عراق و شام میں امریکہ کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمہ میں عراقی اور شامی حکومتوں کی درخواست پر ان کی بھر پور مدد کی۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ، اسلامی مزاحمت کا اصلی رکن ہے۔ لاریجانی نے امریکی صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا تم نے اور تمہارے وزیر خارجہ نے اعتراف نہیں کیا تھا کہ دہشت گرد گروہوں کو امریکہ نے تشکیل دیا ہے داعش کو بھی امریکہ نے بنایا ہے کیا تم اپنے اعترافی بیانات کو بھول گئے ہو؟
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایرانی قوم اور ایرانی پارلیمنٹ سپاہ کے ساتھ ہیں ۔ اس موقع پر ایرانی پارلیمنٹ کے نمائندوں نے اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر ایرانی اسپیکر کے خطاب کی تائید کی۔
لاریجانی نے سپاہ کو دہشت گردی کی فہرست میں قراردینے کے امریکی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نظر میں امریکی حکومت اور امریکی فوج دنیا میں دہشت گردی کا مظہر ہیں اور ہم امریکی فوج اور امریکی حکومت کو دہشت گرد سمجھتے ہیں۔