عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع کی رپورٹ کے مطابق عراق کے مشترکہ آپریشن کمانڈ کے ترجمان بریگیڈیر تحسین الخفاجی کا کہنا ہے کہ عراق کی مرکزی حکومت اور عراقی کردستان علاقے کے مابین ہونے والے ایک معاہدے کے تحت سنجار شہر کی سکیورٹی کی ذمہ داری عراقی فورسز کو سونپ دی گئی ہے۔
بریگیڈیر تحسین الخفاجی نے کہا کہ عراق کی پولیس اور سرحدی فورسز سنجار میں سکیورٹی کے فرائض کی ادائیگی کے علاوہ عراق اور شام کے سرحدی علاقوں کی سکیورٹی پر بھی مامور رہیں گے۔
واضح رہے کہ سنجار شہر موصل کے 130 کیلو میٹر پر واقع ہے۔ اس شہر میں کرد، ایزدی اور عرب قبائل آباد ہیں اور یہ عراق اور شام کی سرحد کے قریب ہے۔
یاد رہے کہ داعش کے دہشتگردوں نے 2014 میں سنجار شہر پر قبضہ کر کے یہاں بسنے والے ایزدیوں کا قتل عام کیا اور کئی ایزدی لڑکیوں اور خواتین کو موصل اور رقہ میں فروخت کرنے کے مقصد سے اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے تھے۔