بدھ کے روز تفتان کے علاقے میں ہونے والے اس اجلاس میں پاکستان اور ایران کے اعلی سرحدی حکام شریک تھے۔
ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی امور، محمد رضا جہان تیغ نے اجلاس میں ایرانی وفد کی قیادت کی جبکہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر سیکورٹی افئیر حفیظ اللہ کی قیادت میں پاکستانی وفد نے بات چیت میں حصہ لیا۔
اجلاس میں سرحدی سلامتی اور باڑ کی تنصیب سمیت مختلف سرحدی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ایران کے مغوی سرحدی اہلکاروں کی بازیابی کے معاملے پر بھی فریقین کے درمیان بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر پاکستانی وفد کے سربراہ حفیظ اللہ نے ایرانی وفد کو ان کوششوں سے آگاہ کیا جو ان کی حکومت ایران کے مغوی سیکورٹی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی حکام کے تعاون سے ہم اس معاملے میں کسی مطلوبہ نتیجے تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ اکتوبر دوہزار اٹھارہ کو ایران کے بارہ سیکورٹی اہلکاروں کو جنوبی مشرقی سرحدی علاقے میرجاؤہ سے اغوا کرکے پاکستانی علاقے میں منتقل کردیا گیا تھا جن میں سے نو کو اب تک بازیاب کرایا جا چکا ہے۔