اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امورسید عباس عراقچی نے چین کے ٹیلی ویژن چینل “سی جی ٹی این” CGTN (China Global Television Network)سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو امریکہ پر اعتماد نہیں اور ایران کسی بھی طور دباو کے تحت مذاکرات نہیں کرےگا۔
سیدعباس عراقچی نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پابندیوں سے ایران کیلئے ایک اچھا موقع فراہم ہوا کہ وہ اپنے شرکاء سے مقامی کرنسی میں تجارت کرے اور اپنی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئےتیل کی معیشت کیلئے ایک پروگرام بنائے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور نے جوہری معاہدے میں ایران کی جانب سے اپنے وعدوں میں کمی لانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ ایران کا امریکہ کے جوہری معاہدے سےیکطرفہ طور پر نکلنے کا جواب ہے۔
سیدعباس عراقچی نےجوہری معاہدے پر اپنے وعدوں پر عمل نہ کرنے سے متعلق یورپی ممالک کی بد عہدی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے کے وعدوں اور سہولتوں میں توازن پیدا ہونا چاہئیے لیکن ابھی تک ایران کو جوہری معاہدے کی سہولتیں میسر نہیں ہوئیں۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور نے ایران میں گرفتار ہونے والے 8 جاسوسوں کی خبر کے شائع ہونے پر کہا کہ بعض ممالک نے ایران میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے موضوع پر پر امن احتجاج کو پر تشدد احتجاج میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جس کے دوران ایران کی سکیورٹی فورسز نے امریکی سی آئی اے اور دیگر جاسوسی کی تنظیموں سے متعلق عناصر کو گرفتار کیا۔