یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے اپنی جوابی کارروائیوں کے دوران جنوبی سعودی عرب کے اندر سعودی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کرکے کم سے کم سینتیس سعودی فوجیوں اور ان کے اتحادیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے کہا ہے کہ یمنی فوج نے جنوبی سعودی عرب کے علاقوں نجران اور جیزان میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران گیارہ سعودی فوجیوں کو اور اتحادی فوجوں کے چھبیس فوجیوں کو ہلاک و زخمی کردیا- یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس تقریبا ہر روز سعودی عرب کے اندر فوجی ٹھکانوں پر بیلیسٹک میوائلوں اور توپخانوں سے حملہ کرتی ہے – یمنی فوج کے یہ سبھی حملے جارح سعودی فوجی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں کئے جاتے ہیں – اس درمیان یمن کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ دہشت گرد گروہ القاعدہ کا ایک انتہائی خطرناک دہشت گرد جنوبی یمن میں گرفتار کرلیا گیا ہے – یمن کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ دہشت گرد گروہ القاعدہ کے گرفتار ہونے والے سرغنے کانام ماجد فرحان ہے اور یہ یمن کے جنوبی صوبے تعز دیگر صوبوں میں القاعدہ کے اندر لوگوں کو شامل کرنے کے مشن کا انچارج تھا – سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے یمن کے جنوب میں بہت سے علاقوں پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے – اور ان علاقوں کے عوام کے درمیان سیکورٹی سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے بحران پیداکرکے بے شمار جرائم کا ارتکاب کررہےہیں- ایسی متعدد رپورٹیں اور شواہد موجود ہیں جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ جنوبی یمن کے علاقوں میں سرگرم دہشت گرد گروہ القاعدہ کے عناصر کے ساتھ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خفیہ تعلقات ہیں اور یہ دونوں حکومتیں ان دہشت گردوں کو ہتھیار بھی فراہم کرتی ہیں تاکہ وہ یمن کے نہتے عام شہریوں پر اپنے حملے جاری رکھیں – سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر اپنے وحشیانہ حملے شروع کررکھے ہیں جن کے نتیجے میں دسیوں ہزار عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں جبکہ یمن کی شہری تنصیبات پوری طرح سے تباہ ہوچکی ہیں – سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن کا چاروں طرف سے محاصرہ بھی کررکھا ہے جس کی وجہ سے یمن میں بھوک مری اور قحط کا دائرہ تیزی کے ساتھ پھیلتا جارہا ہے اور لوگوں میں طرح طرح کی وبائی بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں – لیکن ان تمام مظالم اور جرائم کے باوجود سعودی عرب اور اس کے اتحادی اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں –