قطر کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ خلیج فارس تعاون کونسل ناکارہ ہو گئی ہے اور اس میں جان باقی نہیں رہی۔
دوحہ میں خلیج فارس تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل عبدالطیف زیانی اور عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی سے ملاقات میں قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کا کہنا تھا کہ خلیج فارس تعاون کونسل کو نئے میکینزم کی ضرورت ہے۔
زیانی اور بن علوی نے قطر کے وزیر خارجہ کے ساتھ اس ملاقات میں خلیج فارس تعاون کونسل کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
کہا جا رہا ہے کہ عمان کے وزیر خارجہ اور خلیج فارس تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل کے دورہ قطر کا مقصد عرب ملکوں کی علاقائی تنظیم کو دوبارہ فعال بنانے کی راہوں کا جائزہ لینا ہے۔
عمان کے وزیر خارجہ اس سے پہلے کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کر چکے ہیں۔
خلیج فارس تعاون کونسل کا بحران اس وقت شروع ہوا تھا جب سعودی عرب، متحدہ عرب امارت، بحرین اور مصر نے پانچ جون دو ہزار سترہ کو بیک وقت قطر کے ساتھ اپنے تمام تعلقات منقطع کر لیے تھے۔