سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے جمعرات کو تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن، ایران اسلامی کے خلاف فتنہ و بلوا سمیت ہر طرح کے مسائل و مشکلات پیدا کر رہا ہے لیکن اسے جان لینا چاہئے کہ ایران کی عظیم قوم پوری بصیرت سے اس کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ لوگوں کو بخوبی معلوم ہے کہ دشمن ایران کو غربت ، پسماندگی اور بدامنی کا شکار بنانے کے ساتھ ساتھ گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا چاہتا ہے اور اس کے لئے وہ کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کر رہا ہے۔
جنرل حسین سلامی نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی دشمنوں کی مہم ملت ایران کی استقامت و پائیداری اور اس کے عزم و ایمان میں مزید استحکام پیدا ہونے کا باعث بنے گی اور اسی بنا پر امریکیوں اور علاقے میں ان کے ایجنٹوں کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا چاہئے۔