سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل سلیمانی نے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران نے دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ جدید ہتھیاروں سے لیس فوج یعنی امریکی فوج کی ہیبت کا بت پاش پاش کردیا اور دنیا والوں پر ثابت کردیا کہ امریکی فوج کی جھوٹی ہیبت میں کوئی دم نہیں ہے
سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل سلیمانی نے تہران میں سپاہ پاسداران کے کمانڈروں کے تیئسویں اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران آج مسلمانوں کی عزت و سربلندی کا پرچم بلند کئے ہوئے ہے –
انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران اپنی دینی اور اخلاقی امنگوں اور اقدار سے جو اس کا طرہ امتیاز رہا ہے ، ذرہ برابر بھی پیچھے نہیں ہٹی ہے ۔
جنرل سلیمانی نے علاقے کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے استقامتی اور صیہونیت مخالف محاذ کی اسٹریٹیجی اور مستقبل میں اس کے اثرات کا ذکرکیا اور کہا دشمن پر غلبہ پانے اور فتح حاصل کرنے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے لیکن مسلسل ہوشیاری اور تدبیر کا مظاہرہ کرنا ہوگا –
انہوں نے کہا کہ استقامتی محاذ نے گذشتہ بیس برسوں کے دوران الگ الگ اسٹریٹیجی کے ذریعے دشمنوں کو ذلت و شکست سے دوچار کیا ہے –
جنرل سلیمانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ پابندیوں اور حصاروں کا آج سپاہ پاسداران کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑےگا کہا کہ سپاہ پاسداران نے دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ جدید ہتھیاروں سے لیس فوج یعنی امریکی فوج کی ہیبت کا بت پاش پاش کردیا اور دنیا والوں پر ثابت کردیا کہ امریکی فوج کی جھوٹی ہیبت میں کوئی دم خم نہیں ہے ۔