ایرانلبنانمشرق وسطی

غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں کی ایران اور استقامتی گروہوں کی جانب سے مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران، حزب اللہ لبنان اور انصاراللہ یمن نے غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت اور عورتوں اور بچوں سمیت ستائیس بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے غزہ پر غاصب صیہو نی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن میں عورتوں اور بچوں سمیت دسیوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ کی حمایت اور بعض اسلامی ملکوں کی شرمناک خاموشی کی بنا پر غاصب صیہونی حکومت مقبوضہ فلسطین میں وحشیانہ جارحیت کا ارتکاب کر رہی ہے۔انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس کے سیکریٹری جنرل حسین امیر عبداللہیان نے بھی غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے نہتے شہریوں پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے اس کی ظالمانہ ماہیت کو برملا کرتے ہیں اور اس کی یہ بربریت امریکہ کی مکمل اور بھرپور حمایت کے نتیجے میں جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکتا اور امریکی حکومت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات سے فلسطین کی حمایت اور بیت المقدس سمیت تمام مقبوضہ علاقوں کی آزادی کے لئے مدد و تعاون کے سلسلے میں مسلمانوں کا عزم تبدیل نہیں ہو سکتا۔حسین امیر عبداللہیان نے اسی طرح غزہ کے نہتے اور مظلوم عوام خاص طور سے عورتوں اور بچوں پر بمباری کی ایک اور وجہ عالمی اداروں، بعض عرب و اسلامی ملکوں کی خاموشی و لاتعلقی قرار دیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت اور فلسطینی قوم کی مدد و حمایت کریں۔حزب اللہ لبنان نے بھی شجاعت و بہادری سے اپنا دفاع کرنے والی فلسطینی قوم کی مزاحمت کی قدردانی کرتے ہوئے کہ جس نے غاصب دشمنوں کو ناکوں چنے چبوا دیئے، اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت اور ان کا اتحاد و یکجہتی غاصب صیہونیوں کی جارحیت بند اور غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کا واحد آپشن ہے۔حزب اللہ نے جارح غاصبوں کی مہم جوئی کا دلیرانہ طریقے سے مقابلہ کئے جانے میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہوئے تمام اسلامی و عرب قوموں اور دنیا کے تمام حریت پسندوں کو دعوت دی کہ وہ فلسطینی قوم کی حمایت اور اسرائیل کی سرکاری دہشت گردی کے مقابلے میں فلسطینیوں کی مدد کریں۔یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر نے بھی ایک بیان میں غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ یمنی قوم بدستور فلسطینی قوم کی حمایت کرتی رہے گی ۔انصاراللہ کے سیاسی دفتر نے اس بیان میں صراحت کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ یمنی قوم غاصب صیہونیوں کے قبضے سے پورے فلسطین کو آزاد کرانے کے لئے فلسطینی قوم کی تحریک آزادی میں اس کے ساتھ کھڑی ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button