عراقی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور الحشدالشعبی کے درمیان ہماہنگی پیدا ہونے اور یکجہتی بڑھنے کی وجہ سے ” فتح کا عزم ” کے زیر عنوان انجام پانے والی کارروائیوں میں ہونے والی کامیابیاں بہت اہمیت کی حامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے اتوار کو مغربی عراق کے صوبہ الانبار میں کہا کہ فتح و کامیابی کا عزم عراق کو حاصل ہونے والی تمام سیکورٹی کامیابیوں کی بنیاد ہے۔ عبدالمہدی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ فتح کا عزم کے زیر عنوان کارروائی پر عمل درآمد داعش کے مقابلے میں کامیابی کے دوسال بعد بھی کافی اہمیت کی حامل ہے، امید ظاہر کی کہ یہ کارروائیاں داعش کے دہشتگردوں کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع نہیں دیں گی۔ دوسری جانب عراقی ذرائع نے موصل میں الحشدالشعبی کی ایک چھاؤنی کے اوپر پرواز کرنے والے ڈرون طیارے کو مار گرائے جانے کی خبر دی ہے۔مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق الحشد الشعبی نے اس ڈرون کو اس وقت مار گرایا جب وہ صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل میں عراقی رضاکار فورس الحشدالشعبی کی پچاسویں بریگیڈ کی چھاؤنی کے اوپر پرواز کر رہا تھا۔گذشتہ جمعرات کو بھی الحشدالشعبی نے بارہویں بریگیڈ کی چھاؤنی کے اوپر پرواز کرنے والے جاسوس طیارے کو مار گرایا تھا۔واضح رہے کہ گذشتہ ایک مہینے میں عراقی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے فوجی ساز و سامان اور ہتھیاروں کے گوداموں میں چار بار دھماکے ہوئے ہیں اور انھیں آگ لگائی گئی ہے۔ عراقی حکام اور عوام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے حملوں میں امریکہ اور صیہونی حکومت کا ہاتھ ہے۔