اسلامی جمہوریہ ایران نے ہندوستان اور پاکستان سے صبر و تحمل سے کام لینے، کشیدگی کم نیز مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہندوستان و پاکستان کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کی رپورٹوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دونوں ملکوں کو صبر و تحمل سے کام لینے، کشیدگی کم نیز مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ دہشت گردی کےشکار ایک ملک کی حیثیت سے ایران کا خیال ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے دنیا کے تمام ملکوں کی جانب سے بلا کسی تفریق کے ہمہ جہتی تعاون کی ضرورت ہے۔
ہندوستان کے ذرائع ابلاغ نے اپنے ملک کے حکام کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ ہندوستان کی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے پاکستانی علاقے میں مسلح گروہوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے درجنوں افراد کو ہلاک کردیا۔
پاکستان کے اعلی حکام اور مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے پاکستان پر ہندوستان کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی بیرونی جارحیت اور حملے کا منھ توڑ جواب دینے کے لئے آمادہ ہیں۔