یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نےنجران میں سعودی ٹھکانوں کو جدید بیلسٹک میزائل قاصم سے نشانہ بنایا ہے-
اسپوٹنیک نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ مقامی ساخت کے جدید قاصم میزائل نے جسے ابھی جلد ہی آپریشنل بنایا گیا ہے ، نجران میں دشمن کے ٹھکانوں کو پوری باریکی سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی سعودی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے-
یمن کی فوج اور رضاکار فورس نے شمالی یمن کے صوبہ الجوف کے الظہرہ علاقے اور صوبہ البیضاء کے القانیہ محاذوں پر بھی سعودی عرب کے کرائے کے فوجیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں جارح فوجی ہلاک و زخمی ہوگئے-
سعودی عرب اور اس کے اتحادی مارچ دوہزارپندرہ سے یمن کو اپنے جارحانہ حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں جن میں اب تک دسیوں ہزاروں یمنی شہری جاں بحق اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات پوری طرح تباہ ہوگئی ہیں تاہم اس ملک کے عوام کی استقامت کے باعث جارح اتحاد کو اب تک اپنےمقاصد حاصل نہیں ہو سکے ہیں-