حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر ایران اور دیگر ملکوں میں یوم مادر اور یوم خواتین منایا جاتا ہے-
بی بی دو عالم، زوجہ علی مرتضی، ام الحسنین، شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا(س)، بیس جمادی الثانی ہجرت سے آٹھ برس قبل اس دنیا میں تشریف لائیں۔ آپ(س) نے حضور ختمی مرتبت(ص) کی آغوش مبارک میں تربیت حاصل کی اور علم و فضیلت و کمال کے مراتب حاصل کئے۔ پھر آپ(س) امیرالمومنین، امام المتقین حضرت علی بن ابیطالب(س) کی شریکۂ حیات قرار پائیں اور نہایت ہی شائستہ طریقے سے ہمسری کے فرائض انجام دیئے اور بافضیلت ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے امامان حسنین(ع) اور حضرت زینب کبری(س) جیسی الہی و آفاقی شخصیات کی تربیت فرمائی۔
ام ابیہا، صدیقہ کبری، حضرت فاطمہ زہرا(س) پوری دنیا کی خواتین کے لئے بہترین اور مثالی نمونہ قرار پائیں۔ آپ(س) کے یوم ولادت باسعادت، کہ جس تاریخ کو اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رہ) بھی پیدا ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران میں یوم خواتین اور روز مادر سے مناسبت رکھتا ہے اور اس دن پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں خواتین اور خاص طور سے ماؤں کے مقام و کردار کی قدردانی کی جاتی ہے۔
بی بی دو عالم، زوجہ علی مرتضی، ام الحسنین، شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا(س) کی مبارک ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورا اسلامی جمہوریہ ایران کل رات سے سجا ہوا ہے اور پورے ملک میں خوشی و جشن منایا جا رہا ہے۔ آپ(س) کی ذات اقدس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہر طرف محافل و مقاصدہ کا سلسلہ جاری ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، خاص طور سے مقدس شہروں مشہد اور قم اور دیگرشہروں کی سڑکوں اور مقدس و مذہبی مقامات کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور خاندان عصمت و طہارت کے شیدائی اور اہلبیت اطہار (ع) کے تمام چاہنے والے نہایت عقیدت و احترام سے میلاد بی بی دو عالم کی مناسبت سے خوشی و جشن منا رہے ہیں۔
خوشی ومسرت کے اس حسین موقع پر سحرعالمی نیٹ ورک بی بی دو عالم، زوجہ علی مرتضی، ام الحسنین، شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا(س) اور اسی طرح حضرت امام خمینی(رہ)کی مبارک ولادت باسعادت کی مناسبت سے خاندان عصمت و طہارت کے تمام شیدائیوں اور اہلبیت اطہار (ع) کے تمام چاہنے والوں، حق و حقیقت کے راہیوں اور تمام حریت پسندوں کی خدمت میں دل کی اتاہ گہرائی سے ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔