ایشیاپاکستان

امام خمینی(رح) کی وجہ سے مسئلہ فلسطین زندہ ہے: متحدہ علماء محاذ

متحدہ علماء محاذ پاکستان کی جانب سے القدس سیمینار مولانا جعفرالحسن تھانوی کی زیرسرپرستی اور جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو کی صدارت اور بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی میزبانی میں مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال کراچی میں منعقد ہوا۔

متحدہ علماء محاذ پاکستان کے مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین نے اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرائی اور جمعۃ الوداع کو یوم القدس ایمانی غیرت و جوش و جذبے کے ساتھ منائے جانے کا اعلان کیا۔

سیمینار سے مہمان خصوصی جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا نصیر الدین سواتی، جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید عقیل انجم، فلسطین فاؤنڈیشن کے ابومریم صابر کربلائی، جماعت اسلامی کے نائب امیر اسد اللہ بھٹواوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے مسلم ممالک کی حکومتیں اپنی خارجہ پالیسی میں مسئلہ فلسطین کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی ہیں، مسئلہ فلسطین کو پس پشت ڈالا ہوا ہے، لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ مسلم ممالک کے عوام میں مسئلہ فلسطین آج بھی زندہ ہے، مسلم و عرب حکمرانوں کے برعکس مسلم عوام کے دل ہمیشہ کی طرح آج بھی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، مسلم عوام تحریک آزادی فلسطین کے حامی ہیں چاہتے ہیں کہ مقبوضہ بیت المقدس سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقے آزاد ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی(رح) نے امت مسلمہ کی حقیقی ترجمانی کرتے ہوئے رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعةالوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا تاریخ سازاعلان کیا، جسے ناصرف عالم اسلام بلکہ تمام مظلومین جہان اور حریت پسند عوام میں پذیرائی ملی، عالمی یوم القدس کا مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور اسے پس پشت ڈالنے کی سازش کو ناکام بنانے میں کلیدی کردار ہے، جس کا کریڈٹ حضرت امام خمینی(رح) کو جاتا ہے، حضرت امام خمینی(رح) نے بحیثیت بانی انقلاب اسلامی کی مسئلہ فلسطین کو اپنی بنیادی پالیسی میں کلیدی حیثیت دےکر عظیم کارنامہ سرانجام دیا اور امام خمینی(رح) کی اسی حکمت عملی کی وجہ سے مسئلہ فلسطین آج بھی عالمی سطح پر زندہ ہے۔

واضح رہے کہ مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کے فرمان پر جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button