ایرانمشرق وسطی

ایران میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد چار سو پینتیس ہوگئی

اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا بیماری سے نجات پانے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ ایران کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق منگل کی دوپہر تک ملک میں کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والے چار سو پینتیس افراد صحت یاب ہوکر اسپتالوں سے اپنے گھروں کو منتقل کئے جاچکے تھے۔ ایران کی وزارت صحت ہر چوبیس گھنٹے میں ملک میں کرونا کی صورتحال کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کرتی ہے۔
ایران کے نائب وزیر صحت علی رضا رئیسی نے منگل کی شام صحافیوں کو بتایا کہ ایران میں کل دو ہزار تین سو چھتیس مبتلا افراد میں سے ستتر افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ چار سو پینتیس افراد منگل کی دو پہر تک صحتیاب ہوکے اسپتالوں سے ڈسچارج کئے جاچکے تھے۔
ادھر امریکہ میں کورونا وائرس میں چھے سے زائد افراد کی ہلاکت اور سو افراد کے مبتلا ہونے کی خـبروں نے امریکیوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کردیا ہے۔
دوسری طرف بریٹش ایئر ویز نے کورونا وائرس کی وجہ سے امریکا اور بعض یورپی ملکوں کے لئے اپنی پروازیں منسوخ کرنے کی اطلاع دی ہے۔
یورپی ملکوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی صدارت میں برطانوی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ملک اور یورپ میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ برطانیہ میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد چھتیس سے تجاوز کرگئی ہے۔
اسی کے ساتھ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یورپ کے دیگر ملکوں میں بھی کورونا وائرس نے معمول کی زندگی درہم برھم کردی ہے۔ یورپی ملکوں میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ تباہی اٹلی میں پھیلائی جہاں اس بیماری میں مرنے والوں کی تعداد باون سے زیادہ ہوگئی ہے ۔
فرانس میں بھی کورونا وائرس سے کم سے کم دو افراد کی موت کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ اس بیماری میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد ایک سو تیس سے بڑھ چکی ہے۔ فرانس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے بعد پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ جرمنی میں بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے وسیع اقدامات شروع کئے جانے کی خبر ہے ۔
ادھر کورونا وائرس کے ہندوستان بھی پہنچ جانے کی خبر ہے ۔ ہندوستانی خبررساں ایجنسی یواین آئی کے مطابق ہندوستان کے تاریخی شہر آگرے میں ایک ہی کنبے کے چھے افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان سبھی افراد کو دہلی ریفر کردیا گیا ہے۔
نئی دہلی میں بدھ کو ایک اعلی سطحی میٹنگ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس میٹنگ میں دہلی کے اہم اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے بھی شرکت کی ہے۔
ادھر چین کے قومی کمیشن برائے حفظان صحت نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو ملک میں، چوبیس گھنٹے میں ایک سو پچیس نئے افراد، کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں جو اب تک کمترین سطح ہے۔
چین کے قومی کمیشن برائے حفظان صحت نے اعلان کیا ہے کہ چین میں اسّی ہزار ایک سو اکیاون مبتلا افراد میں سے اڑتالیس ہزار دو افراد منگل تک صحتیاب ہوکے اسپتالوں سے ڈسچارج کئے جاچکے تھے۔
پوری دنیا میں کورونا وائرس میں نوے ہزار آٹھ سو ننانوے افراد مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے تین ہزار ایک سو سولہ افراد موت سے ہمکنار ہوچکے ہیں.

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button