مشرق وسطییمن

جارحین کو انصاراللہ کا انتباہ

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف جب تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری ہے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے ان کے خلاف فضائی اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے ڈرون حملے دفاعی نوعیت کے ہیں اور سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے پاس اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں کہ وہ یمن کے خلاف جارحیت کا سلسلہ بند کر دیں۔

انھوں نے ایرلائنز کمپنیوں اور عام شہریوں کو بھی متنبہ کیا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانا یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کا قانونی حق ہے اس لئے کہ ان ہوائی اڈوں پر ڈرون حملے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جارحیت کے جواب میں کئے جا رہے ہیں۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے بھی اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے ابہا ایرپورٹ پر کئے جانے والے حملے میں بحری کنٹرول کے ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا گیا۔

یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ جب تک یمن کے خلاف جارحیت کا سلسلہ جاری ہے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈے محفوظ نہیں رہیں گے۔

انھوں نے ایرلائنز کمپنیوں اور عام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہوائی اڈوں اور فوجی مراکز سے دور رہیں۔

سعودی عرب کے ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کنٹرول ٹاور پر کروز میزائل سے ہونے والے حملے کے اڑتالیس گھنٹے کے بعد یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جمعے کو بھی اس ایرپورٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعے کی صبح ابہا ایرپورٹ پر کئے جانے والے ڈرون حملے میں قاصف ٹو کے، نامی پانچ ڈرون طیاروں کا استعمال کیا گیا۔ اس حملے کے بعد ابہا ایرپورٹ بند کر دیا گیا۔اس سے قبل یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے گذشتہ ہفتے بدھ کے روز ابہا ایرپورٹ کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یمنی صوبے الضالع کے مختلف علاقوں سے سعودی اتحاد کے فوجیوں کا صفایا کر دیا اور سعودی اتحاد کے دسیوں فوجیوں کو ہلاک و زخمی کر دیا۔

صوبے الضالع کے قعطبہ کے علاقے میں بھی سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا۔

صوبے تعز میں بھی یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کارروائیوں میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچا۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی ایکسپرٹ یونٹ نے بھی جنوبی سعودی عرب میں واقع نجران کے اطرافی علاقے الاجاشر میں ایک بڑی کارروائی کی اور سعودی اتحاد کی ایک فوجی گاڑی کو تباہ کر دیا۔

واضح رہے کہ یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت چھبیس مارچ دو ہزار انیس کو پانچویں سال میں داخل ہو گئی ہے جس کے دوران سولہ ہزار یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگوں کو اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button