ایرانایشیاپاکستانمشرق وسطی

پاکستان کے وزیر خارجہ کا دورہ ایران

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چار ملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں کابل کے بعد آج تہران پہنچیں گے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چار ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں آج کابل پہنچے جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے اب سے تھوڑی دیر قبل ملاقات کی۔ افغانستان کے دورے کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج ایران کے دورے پر دارالحکومت تہران پہنچیں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اپنے دورہ ایران کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے دوجانبہ روابط اور علاقائی اور عالمی مسائل پر گفتگو کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی افغانستان، ایران، چین اور روس جائیں گے جہاں وہ ان ممالک کے ساتھ علاقائی،عالمی اور اہم مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔

گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کل میں افغانستان جا رہا ہوں پھر ایران ،چین اور روس جاؤں گا، دورے کا مقصد وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہمسایہ ممالک سے بہترتعلقات کا فروغ ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس خطے کی ترقی کے لئے امن و استحکام ہونا ضروری ہے، تب ہی یہ خطہ آگے بڑھے گا، ہمسایہ ممالک کی لیڈر شپ سے رابطہ کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ علاقائی ممالک سے بہترتعلقات خارجہ پالیسی کا حصہ ہیں، امن و استحکام ہوگا تو سرمایہ کاری ہوگی، ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم علاقائی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانا چاہتے ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button