مشرق وسطییمن

یمن: الحدیدہ میں سعودی اتحاد کی جانب سے فائربندی کی خلاف ورزی

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی فوجیوں اور اس کے آلہ کاروں نے گذشتہ چار روز کے دوران الحدیدہ میں تین سو سڑسٹھ بار فائر بندی کی خلاف ورزی کی۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ سعودی فوجیوں اور اس کے آلہ کاروں نے گذشتہ چار روز کے دوران الحدیدہ پر سولہ میزائل اور دو سو سولہ مارٹر گولے داغے۔

اسٹاک ہوم امن سمجھوتے کے تحت ہونے والی جنگ بندی پر اٹھارہ دسمبر سے عملدرآمد شروع ہوا تھا لیکن سعودی اتحاد کی جانب سے اس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ الحدیدہ کی بندرگاہ یمن میں انسانی امداد پہنچانے کا واحد راستہ شمار ہوتی ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا جواب دیتے ہوئے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے صوبے نجران میں فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔

یمنی فوج کی جانب سے جوابی کارروائی میں تین میزائل اور دسیوں مارٹر گولے استعمال کئے گئے۔ اس دوران ہونے والی لڑائی میں سعودی اتحاد میں شامل درجنوں کرائے کے فوجی ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثنا یمن کے قیدیوں کے امور کی قومی کمیٹی کے سربراہ عبدالقادر مرتضی نے کہا ہے کہ ہم سعودی اتحاد کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے لئے آمادہ ہیں۔

یمن کے قیدیوں کے امور کی قومی کمیٹی کے سربراہ عبدالقادر مرتضی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سعودی اتحاد کے قیدیوں کے نام یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کے دفتر کو ارسال کر دیئے گئے ہیں، کہا کہ باقاعدہ اختیارات حاصل کئے بغیرامان اجلاس میں یمن کے مستعفی حکومت کے نمائندہ وفد کی موجودگی مذاکرات کی ناکامی کا باعث بنے گی۔

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس کے دفتر کے اعلان کے مطابق یمن کی مستعفی حکومت کے نمائندہ وفد اوریمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے وفد کے درمیان منگل کو امان میں قیدیوں کے تبادلے کے مسئلے پر گفتگو ہو رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button