ایرانمشرق وسطی

یورپ ایٹمی معاہدے بچانے کے عزم کو ثابت کرے، کمال خرازی

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ یورپ ایٹمی معاہدے کے تحت ایران سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنا کر اس معاہدے کو باقی رکھنے کا اپنا عزم ثابت کرے۔

پیرس میں فرانسیسی تھنک ٹینک کے بعض اہم عہدیداروں کے ساتھ ایک ملاقات میں ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ ڈاکٹر کمال خرازی نے واضح کیا کہ ایٹمی معاہدے کے حوالے سے یورپ کے سیاسی موقف میں اسی وقت جان پڑے گی جب وہ عملی اقدامات بھی کر کے دکھائے گا۔
ڈاکٹر کمال خرازی نے ایٹمی معاہدے پر جزوی عملدرامد روکے جانے کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جو بھی فیصلہ کیا ہے اس کا حق اسے ایٹمی معاہدے کے تحت دیا گیا ہے۔
ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ نے امریکی صدر کی جانب سے تہران کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کو محض پروپیگنڈہ مہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اور ایرانی قوم کے خلاف ہر قسم کی ظالمانہ پابندیاں عائد کر کے باہمی اعتماد اور مذاکرات کے تمام راستے بند کر دیئے ہیں۔
ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر کمال خرازی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کا میزائل پروگرام خالص دفاعی نوعیت کا ہے اور اس معاملے میں کسی سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔
ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ ڈاکٹر کمال خرازی نے پیرس میں فرانس کے سابق وزیر خارجہ ہروی ڈی شریٹی سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمال خرازی اورہروی ڈی شریٹی نے اس ملاقات میں ایران اور فرانس کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
ایران کی اسٹریٹیجک کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سربراہ نے اس سے قبل فرانسیسی پارلیمنٹ کے خارجہ تعلقات کمیشن کی سربراہ میرل ڈی سارنز سے بھی ملاقات اور جامع ایٹمی معاہدے کے مستقبل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button