
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو اس وقت امریکہ اور صیہونی حکومت کی جانب سے مسلط کی جانے والی سہ جانبہ جنگ کا سامنا ہے۔
غزہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ غرب اردن کواسرائیل میں ضم کرنے کا پہلا ہدف نسل پرستانہ سوچ کو تقویت دے کر فلسطینیوں کو ان کے آبائی علاقوں سے بے دخل کرنے کاراستہ ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غرب کے اردن کے تیس فی صد علاقے کو ہڑپ کرنے کا دوسرا مقصد گریٹر یروشلم کے منصوبے پرعملدرآمد کرنا اور تیسرا مقصد آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کے تمام راستے کو بند کرنا ہے۔ حماس کے سربراہ نے کہا کہ فلسطینیوں کو اس وقت جس سہ جانبہ جنگ کا سامنا ہے، اس کا پہلا محاذ سیاسی ہے جس کے تحت امریکہ اور صیہونی حکومت مسئلہ فلسطین کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔