
مسجد الاقصی پر صیہونیوں کا حملہ، فلسطینی گروہوں کا انتباہ.
فلسطینی تنظیموں نے صیہونی حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو جلد ہی اس کے وحشیانہ اقدامات کا سخت جواب دیا جائے گا –
ذرائع ابلاغ نے جمعے کی رات مسجد الاقصی میں فلسطینی نمازیوں پر صیہونی فوجیوں کے حملے کی خبردی ہے۔ صیہونی فوجیوں نے مسجدالاقصی پر یلغار کر کے مسجدالاقصی کے دروازوں کو بند کردیا اور نمازیوں پر حملہ کردیا ۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اس حملے میں مسجدالاقصی کے صحن میں کم سے کم ترپن فلسطینی نمازی زخمی ہوگئے ۔ کہا جا رہا ہے کہ مسجدالاقصی سے شروع ہونے والی جھڑپوں کا سلسلہ اس وقت باب العامود تک پہنچ گیا ہے۔
ایک رپورٹ میں جمعے کی رات مسجد الاقصی، باب العامود اور محلہ شیخ جراح میں صیہونی فوجیوں کے حملے میں کم سے کم دو سو پانچ فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی گئی ہے۔
تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے بیت المقدس میں صیہونی حکومت کے جرائم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات پر خاموش رہنا ممکن نہیں ہے اور دشمن کو ہر لمحے ہمارے جواب کا منتنظررہنا چاہئے ۔