کابل میں شیعہ علما اور طالبان سیکیورٹی عہدیداروں کا اجلاس
Afganistan Taliban
افغانستان کی شیعہ علما کونسل کے ایک وفد نے محرم الحرام سے قبل طالبان انتظامیہ کے سیکیورٹی حکام سے ملاقات اور عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
کابل کی مسجد رسول اکرم میں ہونے والے اس اہم سیکیورٹی اجلاس میں، شیعہ علماء کونسل کے ارکان کے علاوہ پانچ سو چالیس امام بارگاہوں اور مساجد کے انتظامی عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علما کونسل افغانستان کے صدر آیت اللہ صالحی نے نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی مجالس اور محرم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔
انہوں نے انجمنوں اور ماتمی دستوں کے ذمہ داران سے بھی اپیل کی کہ وہ امن و امان کے تحفظ کے لیے مقامی طالبان انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔
قابل ذکر ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر کابل سمیت افغانستان بھر میں سیاہ پرچم اور بینرز نصب کئے جارہے ہیں اور لوگ انتہائی پرجوش طریقے سے مجالس کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔