ایرانایشیامشرق وسطیہندوستان

ہندوستانی مسلمانوں کے قتل عام کی ایران کی اعلی ثقافتی کونسل کی جانب سے مذمت

ایران کی اعلی ثقافتی کونسل کے بیان میں کہاگیا ہے کہ ایک ایسے وقت جب دنیا کرونا وائرس سے برسرپیکار ہے ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ عدم رواداری اور انتہا پسندی کی بیماری نے پوری دنیا کے لوگوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے – بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے مسلمان کہ جنھوں نے پوری تاریخ میں ہندوستان کی دیگر اقوام کے ساتھ پرامن اور بھائی چارے کی زندگی گذاری ہے اور برصغیر کی تہذیب و تمدن کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں لیکن انتہا پسند ہندوؤں نے ان پر خونین حملہ کردیا – ایران کی اعلی ثقافتی کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ہندوستان کے فسادات کے بارے میں عالمی میڈیا میں جو کچھ آرہا ہے اس سے بلاشبہہ یہ ظاہر ہورہا ہے کہ وہاں نسل کشی کی جارہی ہے اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب ہورہا ہے – بیان میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ہندوستان کے فسادات میں ہوئے انسانوں کے قتل عام پر اپنا ردعمل ظاہر کریں اور اس طرح کے جرائم کی روک تھام کے لئے اپنی پوری توانائی بروئےکار لائیں -ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ سی اے اے ، این آرسی اور این پی آر کے خلاف گذشتہ برس دسمبر سے ہی دارالحکومت دہلی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں اس درمیان گذشتہ چوبیس فروری کو دہلی کے شمال مشرقی علاقے جعفرآباد میں سی اے اے کے خلاف دھرنے کی مخالفت میں انتہا پسند ہندوؤں کے اشتعال انگیز بیانات اور تقریروں کے بعد حالات بگڑتے چلے گئے اور تین روز تک یہ علاقہ فسادات کی آگ میں جلتا رہا ہے اور اس کے بعد سیکڑوں مکانات اور دوکانوں کو آگ کے حوالے کردیا گیا – فسادارت کے دوران پچاس سے زائد افراد مارے گئے جن میں بیشتر مسلمان ہیں – بلوائیوں نے مساجد کو بھی نہیں چھوڑا اور حتی بوڑھی خواتین اور بچیوں کو بھی قتل کرنے سے باز نہیں آئے – دہلی فسادات میں انتہا پسند ہندوؤں کے حملوں کی ایران کے دیگر اعلی حکام نے بھی مذمت کی ہے – رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بھی ہندوستان کے مظلوم مسلمانوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک ٹوئیٹ میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے قتل عام پر ساری دنیا کے مسلمانوں کے دل مجروح ہوئے ہیں۔ ٹوئیٹ میں حکومت ہندوستان سے کہا گیا ہے کہ وہ انتہا پسند ہندووں اور ان کی حامی جماعتوں کے مد مقابل کھڑی ہوجائے اور مسلمانوں کا قتل عام بند کراکے، خود کو عالم اسلام میں الگ تھلگ ہونے سے بچائے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button