قبلۂ اول بیت المقدس اور فلسطین کے سلسلے میں عرب امارات کی شیطنتیں تھمنے کا نام لے رہی ہیں۔ تازہ ترین شیطنت میں عرب امارات نے مسجد الاقصیٰ کے نام سے کھلواڑ کرنے کی کوشش کی ہے۔
شہاب نیوز کے مطابق عرب امارات کی قومی ایئرلائن الاتحاد نے فیس بک پر اپنی ایک تشہیراتی ویڈیو جاری کی ہے جس میں اُس نے مسجد الاقصیٰ کا نام استعمال کرنے کے بجائے ’’یروشلم کا معبد ثانی‘‘ نام کا استعمال کرتے ہوئے اسے صیہونیوں کے آثار قدیمہ کی ایک یادگار کے طور پر پیش کیا ہے۔
الاتحاد ایئرلائن آئندہ چند ماہ کے اندر ابوظہبی سے صیہونی دہشتگردی کے مرکز تل ابیب کے لئے براہ راست پرواز شروع کرنے جا رہی ہے۔اس ویڈیو میں عرب امارات نے مقبوضہ بیت المقدس کے ایک کوچے کی تصویر بھی دکھائی اور اسے بھی صیہونیوں کے آثار قدیمہ کے طور پر پیش کیا ہے۔
عرب امارات کی یہ شیطنت ایسے عالم میں سامنے آئی ہے کہ صیہونی اس بات کے دعوے دار ہیں کہ یروشلم کا معبد ثانی بیت المقدس میں ہوا کرتا تھا۔ اسی دعوے کی بنیاد پر انتہاپسند صیہونی کا ہمیشہ یہ مطالبہ رہا ہے کہ بیت المقدس کو ویران کر کے اس کی جگہ پر مذکورہ معبد کو دوبارہ تعمیر کیا جائے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کے نتیجے میں عرب امارات سمیت بعض عرب اور غیر عرب ممالک غاصب صیہونی ٹولے کے ساتھ اپنے باضابطہ تعلقات کا اعلان کر چکے ہیں اور اسی تناظر میں بعض عرب ممالک کے مابین غاصب صیہونیوں کی خدمتگزاری کے لئے گویا ایک مقابلہ سا شروع ہو گیا ہے۔