غزہ پٹی میں استقامی محاذ کے مراکز پر صیہونی حملے، کشیدگی کے لئے ایک پیغام ہے ؛ تحریک حماس
فلسطین کی استقامتی تحریک حماس کے ترجمان نے کہاہے کہ غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کا مقصد اپنے داخلی بحرانوں کو فلسطینی عوام میں منتقل کرنا اور اسرائیل کی بدترین سیاسی صورت حال سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔
تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے پیر کو مشرقی خان یونس پرصیہونی حکومت کے اتوار کی رات کے حملوں کے بارے میں کہا کہ استقامتی قوتیں صیہونی حکومت کی سازشوں اور ماہیت نیز اس کے طریقہ کار سے بخوبی آگاہ اور باخبر ہیں ۔فوزی برہوم نے کہا کہ صیہونی دشمن کے سلسلے میں استقامتی محاذ کی پالیسی بدستور فلسطینی قوم کی جدوجہد اور جہادی صورت حال سے پوری طرح ہماہنگ ہے۔
ذرائع ابلاغ نے پیر کی صبح غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے حملے کی خبر دی ہے۔ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ پٹی کے کچھ علاقوں پر بمباری کی ہے۔ابھی تک اس بمباری سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں ۔