ایرانمشرق وسطی

کورونا سے مقابلے کے لیے عالمی تعاون ضروری ہے: روحانی

ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز آسٹریا کے صدر الیگزینڈر وان ڈر بیلین سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی بیماری سے مقابلے کے موجودہ سخت حالات میں بھی امریکا، ایران کے خلاف اپنی غیر قانونی پابندیاں جاری رکھے ہوئے جس کی وجہ سے دوائیں اور میڈیکل ضروریات کی تکمیل مشکل ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی حکومت آئي ایم ایف کی جانب سے کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے ایران کو قرض دیے جانے کی بھی مخالفت کر رہی ہے۔ انھوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ یورپی یونین کو موجودہ حالات میں عالمی مسائل کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے زیادہ سنجیدہ اقدامات کرنے چاہیے، کہا کہ کرونا سے مقابلے میں ملکوں کی مدد کرنے اور ایران کے خلاف امریکا کی غیر قانونی پابندیوں کو ختم کرانے کے سلسلے میں یورپ کے اقدامات کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔

اس ملاقات میں آسٹریا کے صدر الیگزینڈر وان ڈر بیلین نے بھی ایران کے ساتھ اپنے تعاون کو فروغ دینے اور کورونا سے مقابلے کے تجربات کے تبادلے میں اپنے ملک کی دلچسپی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریا اور یورپی یونین، ایران کے خلاف امریکا کی پابندیوں کے مخالف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکا کے اقدامات عالمی معاہدوں کے خلاف ہیں اور وہ کوشش کریں گے کہ ایران اور یورپ کے تعلقات مزید بہتر ہوں اور ان پر امریکا کا کوئي اثر نہ ہو۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button