ایران میں غیر ملکی شہریوں اور مہاجرین سے متعلق امور کے سربراہ مہدی محمودی نے بتایا ہے کہ حفظان صحت اور میڈیکل خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی یہ ہے کہ ایرانی شہریوں اور ایران میں مقیم غیر ملکی شہریوں اور مہاجرین کے درمیان کسی طرح کا امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران کورونا میں مبتلاء ہونے والے تمام غیر ملکی شہریوں کو مفت میڈیکل خدمات فراہم کر رہا ہے۔ مہدی محمودی نے کہا کہ جب سے ایران میں کورونا وائرس پھیلا ہے اس وقت سے اب تک ایران میں مقیم افغان مہاجرین کو بھی سینٹائزر ، ماسک اور دستانوں جیسے، کورونا سے بچاؤ کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔
مہدی محمودی نے ایران میں غیر ملکی شہریوں کا بھی باقاعدگی سے ٹمپریچر چیک کئے جانے کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اب تک ایران میں مقیم تقریبا چھے ہزار غیر ملکی خاندانوں کو کورونا سے بچاؤ کی کٹس سمیت مختلف قسم کے طبی وسائل اور معاشی امدادی سامان فراہم کئے گئے ہیں جو نقدی و وغیر نقدی دونوں صورتوں میں ہیں۔
افغانستان کی وزارت خارجہ اب تک کئی بار ایران کی جانب سے افغان شہریوں کے لئے انسان دوستانہ اقدامات کی قدردانی کر چکی ہے۔