صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے شہر خرمشہر کی آزادی کی سالگرہ کی مناسب سے کہا ہے کہ تیئیس مئی انیس سو بیاسی کو ایرانی جیالوں نے خرمشہر کو آزاد کرایا اور یہ دن ایران کی تاریخ میں استقامت، ایثار و فداکاری اور کامیابی کا دن قرار پایا۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے اینٹی کورونا کمیٹی کے اجلاس میں خرمشہر کی آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اور علاقے کے تمام ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مل جائیں اور دشمن کو جدید ترین ہتھیار بھی فراہم کریں تو بھی ایرانی قوم کا عزم پسپا نہیں ہو گا اور وہ ان پر کامیابی حاصل کر لے گی۔
صدر مملکت نے ملک میں کورونا مخالف مہم کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ایران اس سلسلے میں کورونا کے بر وقت اعلان، اس کے خطرناک ہونے اور سماجی فاصلے رکھنے جیسے تین مرحلوں کو عبور کر چکا ہے اور چوتھے مرحلے کی حیثیت سے کورونا کو کنٹرل کرنے کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوتھے مرحلے میں کورونا مریضوں کی شناخت اور انہیں علیحدہ کرنے نیز اس وبائی مرض کو کنٹرول کرنے کا عمل تیز کیا جا رہا ہے اور ایران کے دس صوبے تقریبا اچھی پوزیشن میں آ چکے ہیں۔
صدر روحانی نے اسی طرح ماہ مبارک رمضان کے اختتام اور عید سعید فطر کی آمد کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات اور حرم مطہر اور مزارات کے صحن کو عید سعید فطر کے بعد کھول دیا جائے گا۔