ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد حجازی نے علاقے میں امریکہ کی فوجی نقل و حرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اس قسم کے اقدامات سے علاقے میں آگ کے شعلے بھڑک سکتے ہیں۔
انہوں نے استقامتی محاذ کے بارے میں حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی قدس فورس کا موقف بھی وہی ہے جو حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے بیان کیا ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے اتوار کے روز استقامتی محاذ کے کمانڈروں کی شہادت کی برسی کی مناسبت سے اپنے ایک خطاب میں امریکیوں، صیہونیوں اور ان کے اتحادیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب استقامتی محاذ کے کمانڈروں کو قتل کرتے ہو تو یقین کرلو کہ تمہارے اس ناپاک و شرمناک اقدام سے قوموں میں اور زیادہ بیداری پیدا ہوتی ہے اور حق کی طرف ان کا رجحان مزید بڑھتا ہے۔
گزشتہ برس تین جنوری کو امریکی دہشتگردوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے براہ راست حکم پر ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر، جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس کو ان کے ساتھیوں کے ہمراہ فضائی حملہ کر کے شہید کر دیا تھا۔ شہید سلیمانی، حکومت عراق کی سرکاری دعوت پر بغداد پہنچے تھے اور وہ حکومت عراق کے مہمان تھے۔