عراق ميں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ایرج مسجدی نے شھید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی شہادت سے متعلق اپنے ایک انٹریو میں کہا ہے اس سلسلے میں عراقی عدلیہ کے ساتھ صلاح مشورہ جاری ہے اور عراقی عدلیہ کے سربراہ فائق زیدان کے ساتھ ان کی تین نشستیں انجام پاچکی ہیں۔
ایرج مسجدی بتایا اس سلسلے میں عراقی عدلیہ میں باضابطہ طور پر کیس درج کیا جا چکا ہے اور ایران میں بھی شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی شہادت سے متعلق قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا چونکہ یہ معاملہ اپنے قانونی مراحل طے کر رہا ہے لہذا فی الوقت اس بارے اس سے زیادہ کچھ بیان نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران اور بغداد اس کیس کا پوری سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لئے جانے کے خواہاں ہيں۔
ایرج مسجدی نے کہا کہ امریکیوں نے عراقی سرزمین کے اندر دہشت گردی کا ارتکاب کرتے ہوئے جنرل قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کو شہید کیا جس کے بعد ایران نے (ابتدائی طور پر) ایک جوابی اقدام کیا، انہوں نے کہا کہ اگر امریکیوں نے پھر کوئی شر انگيزی کو تو ہم قطعی طور پر اس کا بھرپور جواب دیں گے۔